اسلام آباد: (دنیا نیوز) سینٹ انتخابات کے پیش نظر وزیراعظم عمران خان نے تحریک انصاف کے پارلیمانی بورڈ کا اجلاس آج اسلام آباد طلب کر لیا۔
وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت پارلیمانی بورڈ کے اجلاس میں سینیٹ انتخابات کیلئے امیدواروں کے ناموں پر مشاورت کی جائے گی۔ سینٹ انتخاب کے حوالے سے تحریک انصاف کی قیادت اپنا لائحہ عمل بھی طے کرے گی۔ وزیر اعلی عثمان بزدار بھی پارلیمانی بورڈ کے اجلاس میں شریک ہوں گے اور پنجاب میں سینٹ انتخابات کی تیاریوں کے حوالے سے رپورٹ پیش کریں گے۔
پارلیمانی بورڈ کے اجلاس میں عمران اسماعیل، شاہ فرمان، چودھری سرور، پرویز خٹک، اسد عمر، شفقت محمود، عامر کیانی اور شاہ محمود قریشی شریک ہوں گے۔ گزشتہ روز عمران خان نے پارٹی کا پارلیمانی بورڈ تشکیل دیا تھا۔