اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی رہنما مریم نواز شریف نے الزام عائد کیا ہے کہ تحریک انصاف کو بھارت اور اسرائیل سے خفیہ فنڈنگ ہوئی ہے۔
الیکشن کمیشن کے باہر فارن فنڈنگ کیس کے فیصلے میں تاخیر کیخلاف پی ڈی ایم جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے الزام عائد کیا کہ دونوں ممالک سے پیسہ ہنڈی کے ذریعے عمران خان کے ملازموں کے اکاؤنٹس میں آیا، اسرائیل سے بیری سیشت اور بھارتیہ جنتا پارٹی کے اندرجیت دوسان نے خفیہ فنڈنگ کی۔ بھارت سے فنڈنگ لینے کے بعد مودی کی جیت کی دعائیں کی جاتی ہیں۔
انہوں نے وزیراعظم پر الزام عائد کیا کہ 23 بینک اکاؤنٹس ان کے دستخطوں سے چل رہے تھے، انہوں نے اپنا جرم ای سی پی سے بھی چھپایا۔ سکروٹنی کمیٹی نے کہا عمران خان کے منع کرنے پر حقائق نہیں دے سکتے۔ ہمیں چور، چور کہنے والا خود بڑا چور نکلا۔
ان کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کی سکروٹنی کمیٹی میں جرائم کی لمبی داستان سامنے آئی۔ سکروٹنی کمیٹی کو اوپر سے حکم آیا تھا کہ عمران خان پر ہاتھ ہلکا رکھیں۔ تین سال سے سکروٹنی کمیٹی ابھی تک تحقیقات کرتی جا رہی ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ ہوش اڑانے والے انکشافات سے تین دن میں فیصلہ ہو سکتا ہے۔ 80 سماعتوں کے دوران عمران خان نے 24 مرتبہ کارروائی رکوانے کی درخواستیں کیں۔ اگر دامن صاف تھا تو کارروائی کو خفیہ رکھنے کی درخواستیں کیوں دیں؟ اس کا مطلب ہے بہت بڑی چوری ہوئی۔
مریم نواز نے ایک بار پھر وزیراعظم پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ تم پاکستان کی تباہی کے ذمہ دار ہو، تمہاری ہر غلطی اور جرم پر پردہ ڈالنے والے کون ہیں؟ لوگ جانتے ہیں تمہیں 22 کروڑ عوام پر مسلط کرنے والے ایجنٹس کون ہیں۔ پاکستان بدل رہا ہے، تم جتنی بھی طاقت استعمال کرلو، عوام سے نہیں جیت سکتے، پاکستان کی عوام جمہوریت کے لیے کھڑی ہو گئی ہے۔