مریم نواز کی شہباز شریف سے ملاقات، پی ڈی ایم کے فیصلوں سے متعلق آگاہ کیا

Published On 16 January,2021 11:55 am

لاہور: (دنیا نیوز) مریم نواز نے لاہور کی احتساب عدالت میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف سے ملاقات کی ہے، جس میں انہوں نے لیگی صدر کو پی ڈی ایم کے فیصلوں سے متعلق آگاہ کیا۔

لیگی رہنما مریم نواز نے کمرہ عدالت میں غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ احتساب نہیں، انتقام ہے، کیسز سے ایک دن ضرور سرخرو ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ لاہور کو کچرے کا ڈھیر بنا دیا گیا، براڈ شیٹ کے معاملے پر حکومتی بد نیتی سامنے آئی، ضمنی انتخابات جیتیں گے، 19 جنوری کو الیکشن کمیشن کے سامنے بھرپور احتجاج ہوگا۔

دوسری جانب احتساب عدالت کے باہر مسلم لیگ ن کے کارکنوں اور پولیس کے درمیان شدید دھکم پیل ہوئی۔ خواجہ عمران نذیر نے پولیس اور کارکنوں کے درمیان بچ بچاؤ کروایا۔ لیگی کارکن عدالت کے اندر جانا چاہتے تھے، پولیس اہلکاروں کے روکنے پر پولیس اور کارکنوں کے درمیان دھکم پیل ہوئی۔