اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر ملک میں تیل کے سمگلروں کے خلاف جاری مہم کے تحت 609 پٹرول پمپس سیل کر دیئے گئے ہیں۔
وزیراعظم میڈیا آفس سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اس اقدام سے تقریباً 45 لاکھ لیٹر پٹرول اور ڈیزل ضبط کر لیا گیا ہے۔ وزارت داخلہ تیل کی سمگلنگ کے خلاف بلا امتیاز وتفریق مہم جاری رکھے ہوئے ہے جس کے واضح اور مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ اگر سیل کئے گئے پمپس کارروائی کے 7 دن کے اندر مستند دستاویزات پیش نہیں کرتے تو ریاست کسٹمز ایکٹ کے تحت مالکان کی تمام جائیدادوں کے ساتھ پمپس ضبط کرنے کی مجاز ہوگی۔
وزیراعظم آفس کی جانب سے کہا گیا ہے کہ اس سے یہ اخذ کیا جائے گا کہ یہ جائیدادیں سمگلنگ کے عمل سے غیر قانونی طور پر حاصل کی گئی ہیں۔