کوئٹہ: (دنیا نیوز) ترجمان بلوچستان حکومت لیاقت شاہوانی نے کہا ہے کہ ہزارہ برادری کا درد، ہم سب کا درد ہے۔ تاہم اپوزیشن رہنما مریم نواز اور بلاول بھٹو نے معاملے پر سیاست اور پوائنٹ سکورنگ کی۔
لیاقت شاہوانی نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ن لیگ اور پیپلز پارٹی کو سنجیدگی کا مظاہرہ کرنا چاہیے تھا۔ ہمیں امید تھی اپوزیشن ہزارہ برادری کے زخموں پر مرہم رکھے گی۔ ہماری توقع تھی کہ آج سیاست اور پوائنٹ سکورنگ نہیں ہوگی۔ تاہم اپوزیشن رہنماؤں کی جانب سے صرف اشتعال انگیز تقاریر کی گئیں، کسی نے بھی تدفین کرنے کی بات نہیں کی۔
انہوں نے اپوزیشن رہنماؤں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ مریم نواز دھرنے کے شرکا سے خطاب میں کہا ان کے دور حکومت میں ایسے واقعات نہیں ہوئے۔ تاہم انھیں یہ یاد نہیں رہا کہ ان کے والد کے دور میں کوئٹہ کچہری میں وکلا شہید ہوئے۔ بلوچستان کے طول وعرض میں دھماکے ہوتے تھے۔ دوسری جانب بلاول بھٹو نے بھی دعویٰ کیا کہ ان کی حکومت نے ہزارہ برادری کے تمام مطالبات تسلیم کیے تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم کوشش کر رہے ہیں کہ اس واقعے کے بعد پوائنٹ سکورنگ نہ ہو۔ وزیراعلیٰ بلوچستان نے پاکستان آتے ہی دھرنے کے شرکا سے ملاقات کی۔ انہوں نے ہزارہ برادری سے درخواست کی کہ میتیوں کی تدفین کردیں، تدفین کے بعد دھرنا دیں ہمیں اعتراض نہیں، احتجاج کرنا مظاہرین کا حق ہے۔ ہم نے یقین دہانی کرائی کہ آئندہ ایسا واقعہ نہیں ہوگا۔