اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم عمران خان کے بعد پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے بھی کوئٹہ میں ہزارہ برادری کے شرکاء سے میتیں دفنانے کی اپیل کر دی۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری کردہ بیان کے مطابق پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر کا کہنا ہے کہ میری اپیل ہے کہ اپنے پیاروں کی میتیں ﷲ کے حوالے کرکے سپرد خاک کردیں۔ ﷲ ان کی مغفرت فرمائے، درجات بلند فرمائے اور آپ کو صبر دے۔ آمین۔ دعاگو، آپ کی بیٹی، بہن۔ مریم نواز۔
میری اپیل ہے کہ اپنے پیاروں کی میتیں ﷲ کے حوالے کرکے سپرد خاک کردیں
— Maryam Nawaz Sharif (@MaryamNSharif) January 6, 2021
ﷲ ان کی مغفرت فرمائے، درجات بلند فرمائے اور آپ کو صبر دے۔ آمین۔ دعاگو، آپ کی بیٹی، بہن۔ مریم نواز۔ https://t.co/uV204M1RuO
انہوں نے کہا کہ میری دکھی ماؤں، بہنو! اپنے پیاروں کا ایسا ظالمانہ قتل معمولی سانحہ نہیں۔پوری قوم آپ کے غم میں شریک ہے ۔میں اور میرے والد بھی بہت دکھی ہیں لیکن آپ ایک بے حس اور پتھر دل انسان کا انتظار نہ کریں وہ آپ کو یا عوام کو جوابدہ نہیں ۔
اپنے ایک اور ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ اپنے والد نواز شریف کی ہدایت پر انشاء اللہ کل یہ التجا لے کر اپنی بہنوں اور بھائیوں کے پاس جا رہی ہوں کہ وہ اپنے پیاروں کی میتیں اللہ کے حوالے کردیں۔ مجھے یقین ہے وہ اپنی بیٹی کی درخواست رد نہیں کریں گے۔
لیگی نائب صدر کا کہنا تھا کہ چار دنوں اور راتوں سے اس شدید سردی میں میں ہزارہ برادری اپنے پیاروں کی میتوں کے ساتھ اسلام آباد کی بے حسی کو آواز دے رہی ہے۔ یہ اسلامی اخوت اور انسانی ہمدردی کے حوالے سے ہم سب کے لیے شرمندگی کا باعث ہے۔