لاہور: (دنیا نیوز) فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم کا غیر فطری اتحاد طبعی موت مر چکا ہے، شہزادے کے وار پر مولانا اور راجکماری کی سیاست آر پار ہوگئی۔
معاون خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب فردوس عاشق اعوان نے اپنے بیان میں کہا کہ اب مولانا ناراض اور راجکماری پریشان ہے، راجکماری کو مشورہ ہے کہ وہ جاگتے میں خواب دیکھنا چھوڑ دے اور حقیقت کا سامنا کرے۔ انہوں نے کہا کہ کینزؤں کی حالت قابل رحم ہوچکی ہے، پی ڈی ایم کا یہ ٹولہ پرانی تنخواہ پر واپس آ چکا ہے، وزیراعظم عمران خان نے شاہی خاندانوں کی موروثی سیاست کو عوامی طاقت سے تہس نہس کر دیا ہے، کورونا پر پوائنٹ سکورنگ کرنے والی اپوزیشن کو اپنی بقا کے لالے پڑ چکے ہیں۔
فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ کورونا کی دوسری لہر خطرناک ہے اور پنجاب میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 137295 تک پہنچ چکی ہے، پنجاب میں 24 گھنٹے کے دوران کورونا کے 626 نئے مریض رپورٹ ہوئے، گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران پنجاب میں کورونا کے 23 مریض جاں بحق ہوئے، پنجاب میں کورونا سے اب تک 3,982 افراد زندگی کی بازی ہار چکے ہیں۔