کراچی: (دنیا نیوز) نیا وائرس پاکستان میں بھی آ گیا، برطانیہ سے آنے والے 3 افراد میں نئے کورونا وائرس کی تصدیق ہو گئی۔
محکمہ صحت سندھ نے برطانیہ سے آنے والے 12 افراد کے کورونا ٹیسٹ کئے جن میں سے 6 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی۔ محکمہ صحت حکام کے مطابق 6 میں سے 3 میں نیا کورونا وائرس پایا گیا، ان افراد سے رابطے میں آنے والے تمام افراد کے ٹیسٹ لیے جائیں گے۔
Karachi (29.12.2020): Samples of 3 UK returnees show a 95% match to the new Corona Virus variant from UK in the first phase of Genotyping. #SindhHealth pic.twitter.com/4UUTSMTOQa
— Health and Population Welfare Department, Sindh (@SindhHealthDpt) December 29, 2020
ایک رپورٹ کے مطابق کوویڈ 19 کی نئی قسم برطانیہ میں کچھ عرصہ قبل سامنے آئی تھی۔ نیا وائرس پہلے کے مقابلے تیزی سے پھیلنے کے سبب زیادہ خطرناک ثابت ہو رہا ہے، ماہرین کا کہنا ہے یہ وائرس پرانے وائرس سے زیادہ مہلک ہے یا نہیں اس حوالے سے کوئی شواہد نہیں ملے۔ عالمی ادارہ صحت کے مطابق نئے وائرس کو بی ون ون سیون کا نام دیا گیا ہے جو برطانیہ کے علاوہ ڈنمارک، نیدرلینڈز، جنوبی افریقہ اور آسٹریلیا میں بھی پایا گیا ہے۔
واضح رہے کہ بھارت میں بھی کورونا کی نئی قسم کے 6 مریض سامنے آئے ہیں، یہ افراد حال ہی میں برطانیہ سے لوٹے تھے۔