پاکستان مسلم لیگ نون کی سینیٹر کلثوم پروین کورونا کے باعث انتقال کرگئیں

Published On 21 December,2020 09:14 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی بلوچستان سے تعلق رکھنے والی سینیٹر کلثوم پروین کورونا کے باعث انتقال کر گئیں۔ وہ گزشتہ کئی ہفتوں سے زیر علاج تھیں۔

چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے مرحومہ کے اہلخانہ سے ٹیلی فون پر رابطہ کر کے اظہار تعزیت اور ان کے درجات کی بلندی کے لئے دعا کی۔ انہوں نے کہا کہ سینیٹر کلثوم پروین کے انتقال سے ایوان بالا ایک انتہائی فعال رکن اور ملک تعمیری سوچ رکھنے والی مدبر، مخلص اور محنتی سیاستدان سے محروم ہوگیا۔ انہوں نے نہ صرف بلوچستان میں پسماندہ طبقات کی بھر پور نمائندگی کی بلکہ ملکی سیاست میں بھی اہم کردار ادا کیا۔

صادق سنجرانی کا کہنا ہے کہ ایوان بالا میں سینیٹر کلثوم پروین کے مثبت کردار اور عوام کے لئے ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، ایوان بالا غمزدہ خاندان کے ساتھ دکھ کی اس گھڑی میں برابر کا شریک ہے۔ 

دوسری جانب نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق کورونا وائرس سے 62 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 9 ہزار 392 ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 4 لاکھ 58 ہزار 968 ہوگئی۔

گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ایک ہزار 792 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں ایک لاکھ 31 ہزار 933، سندھ میں 2 لاکھ 4 ہزار 840، خیبر پختونخوا میں 55 ہزار 183، بلوچستان میں 17 ہزار 926، گلگت بلتستان میں 4 ہزار 827، اسلام آباد میں 36 ہزار 257 جبکہ آزاد کشمیر میں 8 ہزار 2 کیسز رپورٹ ہوئے۔

ملک بھر میں اب تک 63 لاکھ 36 ہزار 113 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 33 ہزار 772 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 4 لاکھ 9 ہزار 85 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ 2 ہزار 403 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔

پاکستان میں کورونا سے ایک دن میں 62 افراد جاں بحق ہوئے جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 9 ہزار 392 ہوگئی۔ پنجاب میں 3 ہزار 638، سندھ میں 3 ہزار 333، خیبر پختونخوا میں ایک ہزار 546، اسلام آباد میں 391، بلوچستان میں 179، گلگت بلتستان میں 99 اور آزاد کشمیر میں 206 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔