اسلام آباد: (دنیا نیوز) کورونا وائرس کی دوسری لہر میں تیزی کے بعد فری اینڈ فیئر الیکشن نیٹ ورک (فافن) نے خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے۔ فافن اور ٹرسٹ فار ڈیمو کریٹک ایجوکیشن اینڈ اکاونٹبلیٹی کی کووڈ 19 پر پہلی رسپانس مانیٹرنگ رپورٹ جاری کر دی گئی ہے۔
فافن رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سیاست بازی اور کورونا وائرس سے متعلق متعارف کرائے گئے ایس او پیز پر عملدرآمد نہ کرنا چیلنج بن سکتا ہے، روک تھام کیلئے حکومت کی طرف سے مزید سنجیدہ اور خصوصی اقدامات نا گزیر ہیں۔
فافن رپورٹ کے مطابق فرنٹ لائن پر اس مرض کا مقابلہ کرنے والوں اور دیگر متعلقہ شراکت داروں کی استعداد کار کو فروغ دینا ناگزیر ہے، کورونا ٹیسٹوں کے فقدان، قرنطینہ کی صلاحیت اور وینٹی لیٹرز جیسی اہم ضرورتوں کی شدید کمی کا خدشہ ہے۔
رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ اپوزیشن تحریک کے نتیجےمیں اکتوبرمیں عالمی وباء کی قانونی نگرانی کم جب کہ سیاسی اقدامات زیادہ کیے گئے ، اس صورتحال میں پالیسی اورعملدرآمدکی سطح پرصحت سےمتعلق گورننس کے سنگین چیلنجز کا سامنا ہو سکتا ہے۔