فلاح عامہ کے منصوبوں میں اعلیٰ معیارپرکوئی سمجھوتہ نہیں کروں گا: وزیراعلیٰ پنجاب

Published On 02 December,2020 06:07 pm

لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ جنوبی پنجاب کے پسماندہ علاقوں میں پہلی بار حقیقی ترقی کا سفر تیزی سے جاری ہے۔ عوام کی فلاح وبہبود کے لئے اربوں روپے کے منصوبے شروع کئے ہیں۔ فلاح عامہ کے منصوبوں میں اعلیٰ معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کروں گا۔

تفصیل کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے زیر صدارت وزیراعلیٰ آفس میں 4 گھنٹے طویل ویڈیو لنک اجلاس منعقد ہوا، جس میں جنوبی پنجاب کے عوام کی ترقی وخوشحالی کیلئے جاری ترقیاتی سکیموں پر پیشرفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے تعلیم، صحت، پینے کے صاف پانی اور سیوریج کی سکیموں کو خود ریویو کیا۔ انہوں نے جنوبی پنجاب میں سڑکوں کی تعمیر ومرمت، ہاؤسنگ، بلڈنگز، شہروں کی بیوٹیفیکیشن، لوکل گورنمنٹ، زراعت، لائیو سٹاک، ٹرانسپورٹ اور دیگر شعبوں میں جاری منصوبوں کا ذاتی طور پر جائزہ لیا۔

اجلاس میں ڈیرہ غازی خان کے ترقیاتی پیکیج پر پیشرفت پر بھی تفصیلی غور کیا گیا جبکہ جنوبی پنجاب میں امن وامان کی صورتحال کا بھی جائزہ لیا گیا۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فلاح عامہ کی ہر سکیم کی تھرڈ پارٹی مانیٹرنگ ہوگی۔ ترقیاتی منصوبوں میں کوالٹی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ عوامی شکایات کی انکوائری ہوگی اور ذمہ دار افسروں کو سزا ملے گی۔ ہم قومی وسائل کے امین ہیں، خیانت کرنے والوں کو کسی صورت معاف نہیں کروں گا۔