پشاور: (دنیا نیوز) خیبر پختونخوا کے میڈیکل کالجز میں داخلےکے خواہشمند 138طلبہ میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوگئی، پاکستان میڈیکل کمیشن نے متاثرہ طلبہ کیلئےخصوصی انٹری ٹیسٹ کا فیصلہ کرلیا۔
خیبر پختونخوا کے مختلف میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالجوں میں داخلے کے خواہشمند 138 طلبہ و طالبات میں کورونا وائرس مثبت آ گیا ہے جس کے باعث طلبہ داخلوں سے محروم رہ گئے۔ پاکستان میڈیکل کمیشن نے کورونا سے متاثرہ طلباء کےلیے خصوصی داخلہ ٹیسٹ لینےکا فیصلہ کرلیا جو 13 دسمبرکو ہو گا۔
پی ایم سی کے مطابق 29 نومبر کو منعقدہ داخلہ ٹیسٹ میں کورونا پازیٹو طلبہ کا ٹیسٹ نہیں لیا گیا تھا۔ طلبہ کو ٹیسٹ میں بیٹھنےکی اجازت بھی نہیں دی گئی تھی، میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالجوں میں داخلہ ٹیسٹ کیلئے ملک بھر سے 1لاکھ 25ہزارطلبہ نے رجسٹریشن کی تھی۔