اسلام آباد: (دنیا نیوز) معاون خصوصی شہباز گل نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ بختاور کی منگنی پر کورونا ٹیسٹ لازم، ورنہ بلاول ہاؤس نہیں آنا، خلق خدا کو جلسوں میں بلاتے ہو تو ان کی جانوں کا خیال کیوں نہیں رکھتے، یہ ہے وہ فرعونیت اور ظالمانہ سوچ جو عوام کو کم تر سمجھتے ہیں۔
دوسری جانب وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر کا کہنا تھا کہ نون لیگ کی حکومت نے آزاد کشمیر، پیپلزپارٹی نے کراچی میں لاک ڈاؤن کیا، دونوں جماعتوں کا پھر بھی اصرار ہے پشاور جلسہ ضرور ہوگا، دوغلے پن کی اس سے واضح مثال نہیں مل سکتی۔
یاد رہے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق کورونا وائرس سے 42 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 7 ہزار 603 ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 3 لاکھ 71 ہزار 508 ہوگئی۔
گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 2 ہزار 843 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں ایک لاکھ 13 ہزار 457، سندھ میں ایک لاکھ 61 ہزار 28، خیبر پختونخوا میں 43 ہزار 730، بلوچستان میں 16 ہزار 699، گلگت بلتستان میں 4 ہزار 506، اسلام آباد میں 26 ہزار 177 جبکہ آزاد کشمیر میں 5 ہزار 911 کیسز رپورٹ ہوئے۔
ملک بھر میں اب تک 51 لاکھ 41 ہزار 403 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 42 ہزار 752 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 3 لاکھ 28 ہزار 931 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ ایک ہزار 613 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔
پاکستان میں کورونا سے ایک دن میں 42 افراد جاں بحق ہوئے جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 7 ہزار 603 ہوگئی۔ پنجاب میں 2 ہزار 826، سندھ میں 2 ہزار 799، خیبر پختونخوا میں ایک ہزار 323، اسلام آباد میں 270، بلوچستان میں 158، گلگت بلتستان میں 93 اور آزاد کشمیر میں 134 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔