اسلام آباد: (دنیا نیوز) شیخ رشید نے کہا ہے کہ اپوزیشن کا بیانیہ ایک نہیں، انہوں نے اپنے اپنے نشان پر گلگت بلتستان میں الیکشن لڑا، ن لیگ کے رہنما حفیظ الرحمان نے پیپلزپارٹی پر الزامات لگائے، پی ٹی آئی جی بی میں دو تہائی اکثریت سے حکومت بنائے گی۔
وزیر ریلوے شیخ رشید نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا گلگت بلتستان جیسے شفاف انتخابات نہیں دیکھے، پنجاب میں مخالف کے دفتر کے سامنے سے گزرنا مشکل ہوتا ہے، جی بی میں جتنے ووٹ پول ہوئے اتنے ہی نکلے، جی بی میں جمہوریت کو فتح ہوئی ہے، جی بی کے لوگ محبت وطن ہیں، پاکستان کو ووٹ ڈالا، اپوزیشن میں اتنی سمجھ بوجھ ہوتی تو اتحاد کرلیتے، اپوزیشن اگلے سال آزاد کشمیر انتخابات پر بھی روئے گی۔
شیخ رشید کا کہنا تھا مولانا فضل الرحمان نے شبر زیدی پر الزام لگایا، شبر زیدی سے متعلق الزام بے بنیاد ہے، شبر زیدی نے کہا الزامات جھوٹے ہیں، فضل الرحمان الزام لگانے سے پہلے تحقیق کر لیا کریں۔ انہوں نے کہا سیاست اپنا راستہ خود بناتی ہے، بند گلی میں داخل ہونا کوئی عقلمندی نہیں، ایسی سیاسی فضا بن گئی ہے کہ ہارنے والا مانتا ہی نہیں۔ ان کا کہنا تھا کورونا پھیلا تو حکومت کیلئے بھی مسئلہ ہوگا، کابینہ میں مفت ماسک تقسیم کرنے کی تجویز دی ہے۔