اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے دعویٰ کیا ہے کہ آئندہ دو ماہ میں عمران خان مہنگائی جن کو بوتل میں بند کر دیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کا بالکل کھلا نہیں چھوڑا جا سکتا۔ پی ڈی ایم کے کوئٹہ جلسہ کے بعد حکومت بھی کچھ کرے گی۔ بانی پاکستان کے مقبرہ کے بے حرمتی پر قانون کو حرکت میں آنا چاہیے۔
وفاقی وزیر ریلوے کا عوامی مسلم لیگ آزاد کشمیرکی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ملک کے خلاف بین الاقوامی دباؤ بڑھایا جا رہا ہے تو وہیں اندر بھی خلفشار پیدا کیا جا رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کا اصل ایجنڈا یہ ہے کہ ہم سینیٹ الیکشن نہ جیت سکیں لیکن مارچ میں عمران خان کی ایوان بالا میں بھی اکثریت ہو گی۔
شیخ رشید نے کہا کہ حکومت کا ہر رکن مہنگائی کی لعنت کو ختم کرنا چاہتا ہے۔ عمران خان کو جو خزانہ ملا وہ مسائل زدہ تھا۔ ملک کو اس بے دردی سے لوٹا گیا کہ دو سال میں مہنگائی ختم نہ ہو سکی۔
وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ اپوزیشن جلسہ جلسہ کھیل رہی ہے، اگر جلسوں سے حکومت جاتی تو پھر کسی بھی وقت جمہوریت کے خلاف اکھٹا ہوا جا سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کو بالکل کھلا بھی نہیں چھوڑا سکتا، ان کا کوئٹہ والا جلسہ ہو جانے دیں، پھر حکومت بھی کچھ کرے گی۔ وفاقی وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ ظالموں نے بانی پاکستان کے مزار کو بھی نہیں بخشا۔ قائد کے مقبرہ کی بے حرمتی کرنے پر قانون کو حرکت میں آنا چاہیے۔