'ایاز صادق نے جھوٹ بولا، پاکستان کے شاہینوں نے بھارت میں گھس کر پٹائی کی'

Published On 29 October,2020 03:12 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) فواد چودھری نے کہا ہے کہ ایاز صادق نے بہت اعتماد کے ساتھ جھوٹ بولا، پاکستان کے شاہینوں نے بھارت میں گھس کر پٹائی کی، پلواما واقعہ کے بعد پاکستان نے بھارت کو بھرپور جواب دیا۔

وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چودھری نے قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا آپ جتنا مرضی زور لگا لیں، جنوری 2028 تک بھی عمران خان کو نہیں ہٹا سکتے، آپ گلیوں میں مارے مارے پھر رہے ہیں، کیسز پر بات نہیں ہوگی، قومی معاملات پر گفتگو کے لئے تیار ہیں، اختلاف رائے کا حق ہے لیکن ریاست پر تنقید نہیں کرنی چاہئے۔

اس سے قبل پاک چین اقتصادی راہداری اتھارٹی بل 2020 اور 26 واں ترمیمی بل قومی اسمبلی میں پیش کیا گیا۔ بل مشیر پارلیمانی امور بابر اعوان نے پیش کیا۔

ڈپٹی سپیکر قاسم خان سوری نے دونوں بلز متعلقہ قائمہ کمیٹیوں کو بھجوا دیئے جبکہ قومی اسمبلی میں بل کی کاپیاں نہ دینے پر اپوزیشن اراکین نے احتجاج کیا۔ سی پیک اتھارٹی بل پر ڈپٹی سپیکر نے خواجہ آصف کو بولنے کی اجازت نہیں دی۔

قومی اسمبلی اجلاس میں تعمیر نو کمپنیز ترمیمی آرڈیننس میں مزید 120 دن کی توسیع کی قرارداد بھی کثرت رائے سے منظور کرلی گئی۔ آرڈیننسز میں توسیع کی قراردادوں کی منظوری پر جے یو آئی کی شاہدہ اختر نے احتجاج کیا۔ بابر اعوان نے کہا یہ آئین میں لکھا ہوا ہے کہ پارلیمنٹ آرڈیننس میں توسیع کرسکتی ہے، اگر آج آرڈیننس میں توسیع نہ ہوئی تو ان کی مدت ختم ہوجائے گی۔

پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما نوید قمر نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا ایوان کو مفلوج کیا جا رہا ہے، ایوان کا کام کسی آرڈیننس فیکٹری سے لیا جاتا اور ایوان کو شور شرابے کیلئے استعمال کیا جاتا ہے۔