سکھر: (دنیا نیوز) پی ڈی ایم اور جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے فرانس میں گستاخانہ خاکوں کی اشاعت پر ملک بھر میں جمعہ سے پورا ہفتہ احتجاج کرنے کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے قوم سے اپیل کی کہ وہ فرانسیسی مصنوعات کا بائیکاٹ کر دیں۔
سکھر میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ یہ عجیب یورپ ہے جو خود کو حضرت عیسی علیہ السلام کا پیروکار کہتا ہے، مگر جب وہاں ان کی توہین کی کوشش کی جاتی ہے تو اس کے لیے بھی مسلمانوں کو احتجاج کرنا پڑتا ہے۔
ان کا کہنا تھا گستاخانہ خاکوں سے دنیا بھر کے مسلمانوں کی دل آزاری ہوئی۔ فرانس کے صدر کی ہدایات پر گستاخانہ خاکوں کو عمارتوں پر آویزاں کیا گیا۔ یہ لوگ مذہب کے حوالے سے بے حس ہو چکے ہیں، ہمیں ان کی سوچ اور فلسفہ قبول نہیں ہے۔
مولانا فضل الرحمان نے مدرسے میں ہونے والے دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا یہ واقعہ افسوسناک ہے۔ ہماری ہمدردیاں شہدا اور زخمیوں کے ورثا کے ساتھ ہیں۔ اگر حکومت اور ریاستی ادارے ہمیں تحفظ نہیں دے سکتے تو میں مدارس سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ اپنی سیکیورٹی کے انتظامات کریں۔
انہوں نے کہا کہ 27 اکتوبر کشمیریوں سے یکجہتی کا دن ہے۔ ہم اپنے کشمیری بھائیوں کی جدوجہد میں ان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ مولانا فضل الرحمان نے صحافیوں کی جانب سے پوچھے گئے سوالات کے جواب میں کہا کہ جب تک قوم کو اس کے ووٹ کی امانت واپس نہیں ہوگی، اس وقت تک پی ڈی ایم کے جلسے جاری رہیں گے۔
عمران خان کے نواز شریف کے حوالے سے دیئے گئے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اگر وزیراعظم سنجیدہ ہیں تو عوام کے جان ومال کے تحفظ کی ذمہ داری اٹھائیں۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ نیب ایک انتقامی ادارہ بن چکا ہے جو اپوزیشن کے خلاف استعمال کیا جا رہا ہے۔ جزائر کے حوالے سے ہمارا موقف واضح ہے کہ اس پر صوبوں کا حق ہے۔