کراچی: (دنیا نیوز) بلاول بھٹو زرداری نے کابینہ کے ہمراہ آئی جی سندھ مشتاق مہر سے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ مراد علی شاہ اور سندھ کابینہ کے اہم وزرا کے ہمراہ حکومتی وفد نے آئی جی سندھ اور پولیس کے دیگر اعلیٰ افسران پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔
ملاقات میں آئی جی سندھ سمیت کسی کو چھٹی نہ دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اصرار کیا گیا کہ افسران چھٹیوں کے فیصلے پر نظر ثانی کریں جس پر مکمل ساتھ دینے کی یقین دہانی بھی کرائی گئی۔
تفصیل کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کراچی میں سندھ کے آئی جی پولیس مشتاق مہر سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی اور پولیس کے دہشتگردی اور جرائم کے خلاف کردار کو سراہا۔
چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بطور حکمران جماعت کے سربراہ اعلیٰ پولیس افسران کے سامنے کراچی واقعے پر اظہار مذمت کیا اور کہا کہ پولیس نے دہشتگردی اور جرائم کے خلاف قابل ستائش خدمات سرانجام دی ہیں۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ سندھ پولیس نے ملک دشمن عناصر کے خلاف مثالی کارنامے انجام دئیے۔ چینی قونصل خانے کا تحفظ گواہ ہے کہ سندھ پولیس نے خارجہ امور کے تحفظ کے حوالے سے بھی اہم کردار ادا کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ کراچی سٹاک مارکیٹ کا دفاع گواہ ہے کہ سندھ پولیس نے پاکستان کے معاشی حب کی زندگیاں دے کر حفاظت کی۔ آرمی چیف نے مجھے کراچی واقعے کی شفاف تحقیقات کی یقین دہائی کراتے ہوئے کہا ہے کہ جلد نتائج سامنے آئیں گے۔
انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت بھی کراچی واقعے کی وزرا کی سطح پر تحقیقات کر رہی ہے۔ سندھ میں قیام امن اور دہشت گردی کے خلاف جدوجہد پر سندھ پولیس کی خدمات کا معترف ہوں۔ میں یقین دلاتا ہوں کہ سندھ کے عوام کا صوبے کی پولیس پر فخر کا تسلسل جاری رہے گا۔