مظفر آباد: (دنیا نیوز) آزاد کشمیر میں آئندہ انتخابات سے پہلے نئے ترمیمی الیکشن ایکٹ 2020ء کا نفاذ کر دیا گیا ہے۔
تفصیل کے مطابق آزاد کشمیر میں انتخابی عمل کو شفاف اور سہل بنانے کے لئے تیاریوں کا سلسلہ جاری ہے۔ ابتدائی طور پر ریاست میں 2016ء کے الیکشن قوانین کو یکجا کرکے آزاد جموں وکشمیر الیکشن ایکٹ 2020ء کو نافذ کر دیا گیا ہے۔
نئی قانون سازی کے بعد سیاسی جماعتوں کے صدور کو پارٹی کی رجسٹریشن کروانے کے ساتھ جماعت کے نظم، ممبران کی تعداد اور مالیات کا ریکارڈ بھی جمع کروانے کا پابند کیا گیا ہے۔ ماہرین قانون اس ایکٹ کو سراہنے کے ساتھ مزید ترامیم بھی تجویز کر رہے ہیں۔
الیکشن کمیشن ایکٹ 2020ء کے نفاذ کے بعد نظریہ الحاق پاکستان، عدلیہ اور مسلح افواج کے مخالف نظریات کی حامل جماعت کی رجسٹریشن بھی منسوخ کی جا سکے گی۔