مظفرآباد میں خود کشی واقعات میں اضافہ، 7 دنوں میں 3 افراد نے دریا میں چھلانگ لگا دی

Published On 16 September,2020 09:02 am

مظفرآباد: (دنیا نیوز) آزاد کشمیر میں خودکشی کے واقعات میں اضافہ ہونے لگا، مظفرآباد میں گزشتہ 7 دنوں کے دوران 3 افراد نے زندگی سے تنگ آ کر دریا میں چھلانگ لگا دی۔

مظفرآباد میں دومیل کے مقام سے خاتون نے اپنی جان لینے کی غرض سے دریا میں چھلانگ لگا دی جسے مقامی ماہر تیراک نوجوان نے ریسکیو ٹیموں کے ہمراہ زندہ بچا لیا۔

دارلحکومت مظفرآباد میں گزشتہ دنوں دریائے نیلم میں چھلانگ لگا کر خودکشی کرنے والے 14 سالہ بچے کی لاش کو بھی نکال لیا گیا ہے جبکہ گزشتہ 7 دنوں میں شہر میں خودکشی کے 3 واقعات رونما ہو چکے ہیں۔

دوسری جانب طبی ماہرین خودکشی کے بڑھتے ہوئے واقعات کو ذہنی دباو اور ہیجانی کیفیات سے متاثرہ مریضوں کی تعداد میں اضافہ قرار دیتے ہیں۔ پاکستان میں ہر سال زندگی میں درپیش مشکلات سے خائف دس ہزار سے زائد افراد خودکشی کی راہ اختیار کرتے ہیں۔