پاکستان پیپلز پارٹی کا غلام سرور کے بیان پر چیف جسٹس سے نوٹس لینے کا مطالبہ

Published On 25 August,2020 06:31 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز)پاکستان پیپلز پارٹی نے وفاقی وزیر برائے ہوا بازی غلام سرور کے بیان پر چیف جسٹس سے نوٹس لینے کا مطالبہ کردیا، نفیسہ شاہ کہتی ہیں حکمران چور مچائے شور کے مترادف ہیں

سندھ ہاؤس اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کی سیکرٹری اطلاعات نفیسہ شاہ نے وفاقی وزیر غلام سرور کے بیان پر چیف جسٹس جسٹس گلزار احمد سے نوٹس لینے کا مطالبہ کردیا۔

رہنما پیپلز پارٹی کا کہنا تھا یہ حکومت چور مچائے شور، چور کی داڑھی میں تنکا کے مترادف ہے، وزیراعظم سے لے کر وفاقی کابینہ تک سب نے ملک کو تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا۔ بارشوں کی وجہ سے شہریوں میں سیلابی صورتحال ہے، این ڈی ایم اے بلاتفریق کردار ادا کرے۔

ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات پلوشہ خان کا کہنا تھا کہ ایک نیازی کے فال آف بنگلا دیش کیا دوسرے نے فال آف کشمیر کردیا، ان امریکن سنڈیوں کے خلاف محکمہ زراعت کو کارروائی کرنی چاہیے جو اپنی فصل کو برباد کررہے ہیں۔

نفیسہ شاہ کا ایک سوال پر کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی اپوزیشن میں کوئی تفریق نہیں چاہتی، میاں شہباز شریف کو قائدانہ کردار ادا کرنا چاہئے۔