نیب سیاسی اثرورسوخ سے بالاتر اور بلا امتیاز احتساب کیلئے کوشاں ہے، اعلامیہ

Published On 23 August,2020 09:10 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) نیب کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ دو سال کے دوران سیاسی اثرورسوخ سے بالاتر ہو کر بلا امتیاز احتساب کے لئے کوشاں ہیں۔

نیب اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ قومی ادارے کو آگاہی، تدارک اور انفورسمنٹ کی پالیسی پر عمل کرتے ہوئے ملک سے بد عنوانی کے خاتمے کا اختیار دیا گیا ہے۔ نیب انسداد بدعنوانی کا ادارہ ہے جو ملک سے بدعنوانی کے خاتمے کے لئے موثر اور فعال اقدامات کر رہا ہے۔ نیب انسداد بدعنوانی، فنڈز میں خورد برد، اختیارات سے تجاوز، بینک نادہندگی اور بڑے پیمانے پر عوام سے دھوکہ دہی کے مقدمات پر توجہ مرکوز کرتا ہے۔

اعلامیے کے مطابق گزشتہ 2 سال کے دوران چیئرمین نیب جسٹس جاوید اقبال کی قیادت میں اصلاحات کے ذریعے نیب کو فعال ادارہ بنایا گیا ہے۔ نیب کی کارکردگی اور استعداد کار میں بہتری لائی گئی ہے۔ زیر التوا کیسز کو نمٹایا گیا ہے۔ نیب کی کارکردگی کو بہتر بنانے کے لئے مانیٹرنگ اینڈ ایویلیوشن کا نظام وضع کیا گیا ہے۔

اس کے علاوہ کہا گیا ہے کہ نیب کے مقدمات کو تیزی سے نمٹانے کے لئے شکایات کی جانچ پڑتال، انکوائری اور انویسٹی گیشن کے لئے 10 ماہ کا عرصہ مقرر کیا گیا ہے۔ ملزمان کی گرفتاری کی صورت میں شکایات کو مکمل کرنے اور بدعنوانی کا ریفرنس دائر کرنے کے لئے 90 روز کا وقت مقرر کیا گیا ہے۔ سینئر افسران کی اجتماعی دانش سے فائدہ اٹھانے کے لئے ڈائریکٹر جنرل، ایڈیشنل ڈائریکٹرز اور ڈائریکٹرز پر مشتمل مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کا نظام وضع کیا گیا ہے۔