پشاور: (دنیا نیوز) پشاور میں بی آر ٹی منصوبے کی مقبولیت میں اضافے کے بعد حکومت نے بسوں کی تعداد بڑھانے کا فیصلہ کرلیا ،روٹ پر 128تک بسیں چلائی جائیں گی۔
پاکستان تحریک انصاف کا سب سے زیادہ تنقید کا نشانہ بننے والا منصوبہ بی آر ٹی شروع ہوتے ہی عوام میں مقبولیت کی حدیں پار کر گیا۔ مسافروں کا آئے روز رش بڑھنے لگا۔ حکومت سے مزید بسیں چلانے کا مطالبہ کر دیا۔
69 ارب روپے کی لاگت سے مکمل کیا جانے والا پاکستان تحریک انصاف کا پشاورمیں میگا منصوبہ بی آر ٹی 13اگست کو عوام کیلئے کھول دیا گیا جس کے بعد اس میں عوام کا ایک رش لگ گیا۔ بی آر ٹی بس اسٹیشن پر جہاں لمبی قطاریں نظر آنے لگیں وہیں بسوں میں بھی کھڑے ہونے کی جگہ تک نہ رہی۔ صرف دو ہفتوں میں ہی عوام نے حکومت سے بسوں میں اضافے کا مطالبہ کر دیا۔
دوسری جانب مشیر اطلاعا ت کامران بنگش کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ ابتداء میں صرف ستر بسیں بی آرٹی روٹ پر چلائی گئیں جبکہ اگلے روز بیس بسوں کا اضافہ کیا گیا تاہم عوامی مشکلات کے پیش نظر مزید بیس کا اضافہ کیا جارہا ہے۔
مشیراطلاعات کے مطابق بی آر ٹی میں روزانہ ایک لاکھ سے زائد مسافر سفر کر رہے ہیں جبکہ دو سو 20بسیں مرحلہ وار اس منصوبے میں چلائی جائیں گی۔