راولپنڈی: (دنیا نیوز) وزیر اعلیٰ پنجاب نے راجہ بازار میں قائم پناہ گاہ کا دورہ کیا، سردار عثمان بزدار نے پناہ گاہ میں کھانے اور دیگر انتظامات کا جائزہ لیا۔
وزیراعلی عثمان بزدار نے پناہ گاہ میں مقیم افراد سے بات چیت کی اور انتظامات کے بارے میں دریافت کیا، عثمان بزدار نے کھانے کے انتظامات کا بھی جائزہ لیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے پناہ گاہ میں انتظامات کو مزید بہتر اور مثالی بنانے کی ہدایت کی۔
مسافر نے وزیراعلیٰ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا پناہ گاہ میں گھر جیسا ماحول فراہم کیا جاتا ہے، پناہ گاہ کے انتظامات اچھے ہیں، آپ کا یہ اقدام مثالی ہے، پہلے راولپنڈی آکر فٹ پاتھ پر رات گزارنی پڑتی تھی، اب یہاں قیام کا بہترین انتظام ہے، شکر ہے کسی نے ہمارا بھی خیال کیا۔
خیال رہے راجہ بازار پناہ گاہ میں روزانہ اوسطا 50 افراد قیام کرتے ہیں، راولپنڈی کی اولین پناہ گاہ میں 64 ہزار سے زائد افراد قیام کر چکے ہیں۔ راجہ بازار پناہ گاہ میں آنے والے مسافروں کو ناشتہ اور رات کا معیاری کھانا فراہم کیا جاتا ہے۔