اسلام آباد: (دنیا نیوز) توشہ خانہ ریفرنس میں نواز شریف نے احتساب عدالت طلبی چیلنج کر دی۔ سابق وزیراعظم نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کر دی۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ نیب اپوزیشن جماعتوں کے رہنماؤں کو نشانہ بنا کر حزب اختلاف کی آواز دبانا چاہتا ہے، یورپی یونین اور ہیومن رائٹس واچ نیب کی بے بنیاد کارروائیوں کو غیر قانونی قرار دے چکی۔
سابق وزیراعظم کا کہنا ہے کہ وہ مفرور نہیں بلکہ ضمانت منظوری کے بعد بیرون ملک گئے، جہاں پر ان کا علاج جاری ہے، انہیں نمائندے کے ذریعے ٹرائل سامنا کرنے کی اجازت دی جائے، جب کہ احتساب عدالت کی کارروائی، اشتہار جاری کرنے کا حکم نامہ کالعدم قرار دیا جائے۔
خیال رہے توشہ خانہ سے تحفے میں ملنے والی گاڑیاں لینے پر دائر کرپشن ریفرنس میں نیب نے آصف زرداری اور نواز شریف کی گاڑیاں کی ملکیت منجمد کر دی جن میں دو بی ایم ڈبلیو اور ایک لیکسز گاڑی شامل ہے۔ نیب نے نواز شریف کی توشہ خانہ سے لی جانے والی مرسیڈیز کی ملکیت بھی منجمد کر دی۔