اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر برائے پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ اسد عمر نے کہا ہے کہ حکومت نے ملک بھر کے تعلیمی ادارے، ٹورازم، ریسٹورنٹس، ہوٹلز، جمز، تھیٹر، سینما ہالز، شاپنگ مالز، بیوٹی پارلر اور شادی ہالز سمیت دیگر شعبے کھولنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
اسلام آباد میں کورونا وائرس کی صورتحال پر قومی رابطہ کمیٹی کے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ میں ان کا کہنا تھا کہ 7 ستمبر کو تعلیمی ادارے کھولنے کا حتمی جائزہ لیا جائے گا۔
وفاقی وزیر نے بتایا کہ اجلاس میں 8 اگست سے سیاحتی علاقوں کے ہوٹلز کھول دیئے جائیں گے۔ اس کے علاوہ 10 اگست سے جمز، تھیٹرز اور سینما ہالز کو بھی کھول دیا جائے گا۔
اسد عمر کا کہنا تھا کہ ریسٹورنٹس اور کیفے ٹیریاز کیلئے ایس او پیز جاری کیے جائیں گے جبکہ کبڈی، کشتی اور رگبی کےعلاوہ دیگر سپورٹس کی اجازت دے رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ موٹر سائیکل کی ڈبل سواری اور مارکیٹیں ہفتے کو بند رکھنے کی پابندی ختم کی جا رہی ہے۔ تاجر پرانے طریقہ کار کے مطابق دکانیں کھول سکتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ 15 ستمبر سے شادی ہالز کھولے جا سکتے ہیں۔ پبلک ٹرانسپورٹ کو بھی کھولا جا رہا ہے۔ میٹرو بسوں میں کھڑے ہو کر سفر کی اجازت نہیں ہوگی۔ ایکسپو ہالز اور بیوٹی پارلرز 10 اگست سے کھولے جا رہے ہیں جبکہ مزارات کو بھی کھولا جا رہا ہے۔ تاہم صوبائی انتظامیہ سے عرس کی اجازت لینا ہوگی۔
تاہم وفاقی وزیر اسد عمر نے عوام کو معلومات زندگی بحال کرنے کی خوشخبری دینے کیساتھ ساتھ یہ تنبیہ بھی کی کہ جن ممالک میں کورونا ختم ہوا، وہاں دوبارہ کیسز سامنے آئے، خطرہ ابھی ٹلا نہیں، احتیاط لازمی کرنا ہوگی۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز وفاقی وزیر برائے تعلیم شفقت محمود کے زیر صدارت بین الصوبائی آن لائن ویڈیو کانفرنس ہوئی جس میں ایک دفعہ پھر تعلیمی ادارے 15 ستمبر سے کھولنے پر اتفاق کیا گیا تھا۔
کانفرنس میں تمام صوبوں بشمول گلگت بلتستان اور کشمیر کے وزرائے تعلیم نے شرکت کی۔ کانفرنس میں اس بات پر ایک دفعہ پھر اتفاق ہوا کہ حالات ٹھیک رہے تو 15 ستمبر 2020 سے ملک بھر میں سکول کھول دیئے جائیں گے۔
آن لائن کانفرنس میں تمام صوبوں کے سیکرٹریز، سکول، ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے اعلیٰ حکام ودیگر بھی شریک ہوئے۔ کانفرنس میں موجودہ حالات میں تعلیم کے حوالے سے اہم مسائل پر تمام صوبوں سے مشاورت کی گئی۔
کانفرنس میں تعلیمی اداروں کو کھولنے کے حوالے سے درپیش تمام مسائل پر غور کیا گیا۔ ترجمان سکول ایجوکیشن کے مطابق کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر مراد راس کا کہنا تھا کہ سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ پنجاب کی جانب سے سکول کھولنے کے حوالے سے ایس او پیز پر کام مکمل ہے، جب تک کورونا وائرس کا خطرہ لاحق ہے، سکول کھولنے کا سوچ بھی نہیں سکتے، طلبہ اور اساتذہ کو اس وبا سے محفوظ رکھنا ہماری اولین ترجیح ہے۔ بعد ازاں صوبائی وزیر تعلیم مراد راس نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ 15 ستمبر سے قبل سرکاری اور نجی سکول کھلنے کی تمام تر خبریں بے بنیاد ہیں۔
ادھر کورونا وائرس کے سبب ہونے والے لاک ڈاؤن میں نرمی کرتے ہوئے پی ایچ اے نے تمام پارکس کو دوبارہ کھولنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ شہر کے تمام پارکس صبح 6 بجے سے رات 8 بجے تک کھلے رہیں گے۔
ڈی جی پی ایچ اے کے احکامات پر نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔ پارکس کو کورونا ایس او پیز کے مطابق کھولا جائے گا۔ پارکس میں آنے والوں کے لیے ماسک پہننا ضروری ہوگا۔ خیال رہے کہ لاک ڈاؤن کے پیش نظر 27 جولائی کو پارکس بند کر دیئے گئے تھے۔ پارکس کو دوبارہ گیارہ دن بعد کھولا جا رہا ہے۔