اے پی سی کے یقیناً مثبت نتائج نکلیں گے، عوام کو جلد خوشخبری ملے گی: نفیسہ شاہ

Last Updated On 02 August,2020 06:37 pm

سکھر: (دنیا نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کی مرکزی رہنما سیدہ نفیسہ شاہ نے کہا ہے کہ اے پی سی کے یقیناً مثبت نتائج نکلیں گے اور عوام کو جلد خوشخبری ملے گی، تمام جماعتیں اپنا کردار ادا کریں گی۔

انہوں نے کہا ہے کہ حکومت مخالف تحریک اور تمام جماعتوں کو متحرک کرنے میں چیئرمین بلاول بھٹو کا کردار اہم ہے۔ آل پارٹیز کانفرنس میں تحریک کے متعلق لائحہ عمل طے کیا جائے گا اور فیصلہ کیا جائے گا کہ ان ہاؤس تبدیلی ہو یا مڈٹرم الیکشن کی طرف جائیں؟ انتخابی اصلاحات بھی اے پی سی کا حصہ ہو سکتی ہیں۔

تفصیل کے مطابق ہندو تاجر راجیش کمار کے ورثا سے تعزیت کے بعد میڈیا سے گفتگو کے دوران انہوں نے کہا کہ نوجوان تاجر کے قتل کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔ مقتول کے ورثا کو یقین دلاتے ہیں کہ ملزموں کو جلد گرفتار کیا جائے گا۔

نفیسہ شاہ کا مزید کہنا تھا کہ کورونا سے پوری معیشت بیٹھ گئی، اسی دوران پچیس روپے پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ کرکے عوام پر مزید مہنگائی کا بم گرایا گیا۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کہتے تھے جب مہنگائی ہوتی ہے تو حکمران کرپٹ ہوتا ہے تو جتنی مہنگائی موجودہ حکومت میں ہوئی اتنی مہنگائی کسی حکومت میں نہیں ہوئی۔

ان کا کہنا تھا کہ کشمیر پالیسی پر حکومت ناکامی سے دوچار ہوئی۔ کشمیر کی جدوجہد کو دو منٹ کی خاموشی میں تبدیل کیا گیا جس کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔