لاہور، فیصل آباد اور دیگر شہروں میں دکانیں کھولنے کی کوشش ناکام، متعدد تاجر گرفتار

Last Updated On 28 July,2020 02:32 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب میں تاجروں نے سمارٹ لاک ڈاؤن کو مسترد کر دیا، لاہور، فیصل آباد اور دیگر کئی شہروں میں دکانیں کھولنے کی کوشش کی جسے پولیس نے ناکام بنا دیا، مزاحمت کرنے پر متعدد تاجروں کو گرفتار بھی کرلیا۔

 عید پر کورونا کا پھیلاؤ روکنے کیلئے سمارٹ لاک ڈاؤن کا آج پہلا روز ہے لیکن کاروبار بند رکھنے کے احکامات پر تاجر برادی حکومت سے نالاں ہے۔ لاہور، راولپنڈی، جھنگ سمیت کئی شہروں میں تاجروں نے دکانیں کھولنے کی کوشش کی۔ لاہور کی اعظم مارکیٹ میں انتظامیہ اور پولیس میں تلخ کلام بھی ہوئی۔

فیصل آباد میں انجمن تاجران کی جانب سے ریل بازار سے گھنٹہ گھر چوک تک ریلی نکالی گئی۔ تاجروں کا کہنا تھا کہ کاروبار میں پہلے ہی بہت نقصان کا سامنا ہے، مزید برداشت نہیں کرسکتے۔

دکانیں کھلنے پر پولیس بھی حرکت میں آگئی اور فوری بازاروں میں پہنچ گئی۔ جوابی ایکشن کر کے شاپس بند کرا دیں۔ تلخ کلامی اور مزاحمت کرنے پر تاجروں کو گرفتار بھی کیا۔

پنجاب میں آج سے 5 اگست تک لاک ڈاؤن ہے۔ تمام بازار، شاپنگ مالز، شادی ہالز، کاروباری ادارے، ہوٹل مکمل طور پر بند رکھنے کے احکامات ہیں۔ میڈیکل سٹورز، سبزی، کریانہ، بیکری، دودھ دہی کی دکانیں کھولنے کی اجازت ہے، ہوٹلوں پر ٹیک اوے، ہوم ڈلیوری 24 گھنٹے جاری رکھی جا سکتی ہے۔