سیاسی مخالفین جتنی مرضی اے پی سیز کریں حکومت کو کوئی خطرہ نہیں: گورنر پنجاب

Last Updated On 25 July,2020 11:45 am

لاہور: (دنیا نیوز) گورنر پنجاب چودھری سرور نے کہا ہے کہ پاکستانی عوام ملک میں جمہوریت کے تسلسل اور شفافیت کی حامی ہیں، سیاسی مخالفین جتنی مر ضی اے پی سیز کریں حکومت کو اس سے کوئی خطرہ نہیں۔

گورنر پنجاب چودھری سرور نے تحریک انصاف کے مرکزی رکن عمر ڈار اور دیگر رہنماؤں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا عوام اپوزیشن کی حکومت مخالف کسی مہم کا حصہ نہیں بنیں گے، عوام نے تحریک انصاف کو حکومت کیلئے 5 سال کا مینڈیٹ دیا ہے، اپوزیشن نیب میں کوئی تر میم لانا چاہتی ہے تو پارلیمنٹ میں لیکر آئے۔

چودھری سرور کا کہنا تھا حکومت اداروں کو سیاسی مداخلت سے پاک کر کے مضبوط بنا رہی ہے، کرپشن کا خاتمہ اور بلاتفریق شفاف احتساب ملک و قوم کی ضرورت ہے، اپوزیشن کو پار لیمنٹ کے اندر باہر اپنا مثبت جمہوری کردار ادا کر نا چاہیے۔