وزیراعظم عمران خان کا ترکی کے یوم جمہوریت پر صدر اردوان سے یکجہتی کا اظہار

Last Updated On 15 July,2020 11:35 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے حکومت اور پاکستان کے عوام کی جانب سے ترکی کے جمہوریت اور قومی اتحاد کے دن کے موقع پر اپنی یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔

اس سلسلے میں صدر رجب طیب اردوان کے نام اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ ترکی کے شانہ بشانہ کھڑا رہے گا اور فتح اللہ گولن کی دہشتگرد تنظیم سے درپیش خطرے سے نمٹنے کے لئے ترکی کی کوششوں کی حمایت کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ چار سال پہلے آج کے دن ترکی کی عوام نے مثالی جرات اور ہمت کامظاہرہ کرتے ہوئے ان مخالف قوتوں کی چال کو ناکام بنا دیا تھا جو ترکی کے امن واستحکام اور اس کے جمہوری اداروں کو نشانہ بناناچاہتی تھیں۔

عمران خان نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ترکی کے امن جمہوریت اور خوشحالی کی جانب سفر کو نقصان پہنچانے کی کسی بھی کوشش کے خلاف پوری پاکستانی قوم کی آواز یکجا ہے۔