سرکاری ملازمین کو نوکری سے فارغ کرنے اور پینشن ختم کرنے کی خبریں جعلی قرار

Last Updated On 14 July,2020 08:09 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل نے کہا ہے کہ سرکاری ملازمین کو نوکری سے فارغ کرنے یا ان کی پینشن ختم کرنے کی خبریں مکمل جھوٹ اور افواہ سازی پر مبنی ہیں۔

تاہم وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے سیاسی امور ڈاکٹر شہباز گل کا سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری کردہ اپنے بیان میں کہنا ہے کہ سرکاری ملازمین کو نوکری سے فارغ کرنے یا ان کی پینشن ختم کرنے کی خبریں مکمل جھوٹ اور افواہ سازی پر مبنی ہیں۔

معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ ایسی جھوٹی خبریں وہی مافیا پھیلا رہا ہے جن کی کرپشن کی وجہ سے ان کی گردن پر وزیراعظم عمران خان کا ہاتھ ہے اور ان کو پتہ ہے وہ بچ نہیں سکتے۔ ایسے حالات میں وہ جھوٹی خبریں پھیلا رہے ہیں۔


وفاقی حکومت کی طرف سے ریٹائرمنٹ کی عمر پچپن برس کرنے کے غور پر دنیا نیوز کے پروگرام نقطہ نظر میں بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جب بھی کوئی حکومت آتی ہے تو اس میں حکومتوں کو مشورے دیئے جاتے ہیں لیکن اس ہرگز مطلب یہ نہیں ہوتا کہ وہ تجویز پر فوری طور پر فیصلہ کر لیا گیا۔

بات کو جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کے دوران ہم کسی کو کیسے بیروزگار کر سکتے ہیں جب لوگ پہلے ہی لوگ مالی مسائل میں گھرے ہوئے ہیں، وزیراعظم عمران خان بھی عوام کے مسائل کو حل کرنے کے لیے دن رات کوشاں ہیں۔

معاون خصوصی وزیراعظم کا کہنا تھا کہ گورنمنٹ سیکٹر میں اصلاحات کی ضرورت ہے اس پر کام ہو رہا ہے، ریفارمز فائنل ہوں گی تو سب سٹیک ہولڈرز کو بلا کر ان کو آگاہ کریں گے۔

پنشن ختم کرنے کی خبروں کے حوالے سے پروگرام میں ڈاکٹر شہباز گل کا کہنا تھا کہ یہ خبریں بے بنیاد اور جعلی ہیں کیونکہ پوری دنیا میں ایسا ہو ہی نہیں سکتا۔میں امریکا میں جس یونیورسٹی میں کام کرتا تھا وہاں پر بھی پنشن دی جاتی تھیں تاہم اصلاحات کے بعد اسے تبدیل کیا گیا۔ پنشن بند نہیں کیں تاہم وہاں پر پنشن ماڈل ضرور تبدیل ہوئے۔

ریٹائرمنٹ کی عمر پچپن برس کئے جانے کے سوال پر ان کا کہنا تھا کہ ان تجویز پر بھی غور نہیں ہو رہا، بلکہ جب میں پنجاب حکومت میں کام کر رہا تھا تو وہاں پر تجویز دی تھی کہ ریٹائرمنٹ کی عمر ساٹھ سے بڑھا کر 63 سال کر دی جائے۔

معاون خصوصی کا مزید کہنا تھا کہ بعض شعبوں میں ریٹائرمنٹ کی عمر 60 سال سے بڑھنی چاہیے، تاہم پچپن سال میں ریٹائر کر دینا، سالانہ انکریمنٹ اور پنشن والی خبروں میں کوئی صداقت نہیں ہے۔

ڈاکٹر شہباز گل کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کی وباء کے دوران بھی پاکستانی ایکسپورٹ میں زبردست اضافہ ہوا ہے، جون کے دوران ریکارڈ ترسیلات زر موصول ہوئے ہیں۔ اوورسیز پاکستانی ہماری پالیسیوں پر اعتماد کر رہے ہیں۔