وفاقی کابینہ کا اجلاس، سیاسی، معاشی اور کورونا صورتحال پر غور ہوگا

Last Updated On 07 July,2020 03:52 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس جاری ہے، جس میں سیاسی، معاشی اور کورونا کے حوالے سے صورتحال پرغور ہوگا۔

وزیراعظم کی زیر صدارت وفاقی کابینہ 10 نکاتی ایجنڈے پر غور کرے گی، پائلٹس کے جعلی لائسنس کا معاملہ کابینہ ایجنڈے میں شامل ہے، کابینہ مشکوک پائلٹس کی لائسنس منسوخی کا فیصلہ کرے گی، سول ایوی ایشن حکام مشکوک پائلٹس کے معاملے پر بریفنگ دیں گے۔

2 جولائی کو ہونیوالے نجکاری کمیٹی کے اجلاس کے فیصلوں کی توثیق کی جائے گی۔ وزارت قانون کی اجازت کے بغیر ایف بی آر کو وکیل کی خدمات حاصل کرنے کی اجازت دینے کی تجویزایجنڈے میں شامل ہے۔ جی 12 اور ایف 12 کی اراضی فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائزہاؤسنگ اتھارٹی کو دینے کا معاملہ زیر غور آئے گا۔

کابینہ کو ایف اے ٹی ایف سے متعلق کمپنیز ایکٹ 2017 میں مجوزہ ترامیم پر بریفنگ دی جائے گی، ایگرو فوڈ پروسیسنگ فیسیلیٹز ملتان کے سی ای او کی تقرری کی منظوری کابینہ ایجنڈا میں شامل ہے۔ اینٹی منی لانڈرنگ ایکٹ 2010 کی شق 42 میں جرائم کی فہرست میں اضافہ کی تجویز ایجنڈا میں شامل ہے، اسلام آباد کے سیکٹر ایف 12 اور جی 12 کی اراضی فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہاؤسنگ اتھارٹی کو دینے کا فیصلہ ہوگا۔