کورونا وائرس کے بعد جعلی لائسنس، پی آئی اے بحران کا شکار، 45 ارب روپے کا نقصان

Last Updated On 06 July,2020 03:10 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) کورونا وائرس کے بعد جعلی لائسنس کا معاملہ، قومی ائیر لائن کو بڑے نقصان کا سامنا، حج آپریشن کی بندش، عمرہ سیزن متاثر ہونے اور پی آئی اے فلائیٹس پر یورپی یونین کی پابندی سے قومی ائیر لائن کا مالی خسارے میں 45 ارب روپے مزید بڑھ گیا۔

 ذرائع کے مطابق حج آپریشن کی بندش، عمرہ سیزن متاثر ہونے اور پی آئی اے فلائٹس پر یورپی یونین کی پابندی سے قومی ائیر لائن کا مالی خسارہ کئی گناہ بڑھ چکا ہے۔ سعودی عرب سے پروازیں معطل ہونے پر 12 ارب روپے جبکہ یورپی ایئر سیفٹی ایجنسی کی پابندی سے 33 ارب روپے کے نقصان کا خدشہ ہے۔

یورپ اور مغربی ممالک کے لیے ہفتہ وار 32 پروازیں معطل کی گئیں جبکہ قومی ائیر لائن صرف برطانیہ کیلئے ہفتہ وار 23 پروازیں چلا رہی تھی۔ ان پروازوں کی معطلی سے مسافر وں کی دوسری ائر لائنز پر منتقل ہونے کا خدشہ ہے۔

دوسری جانب پاکستان نے آئندہ ہفتے یورپی یونین سیفٹی ایجنسی میں اپیل دائر کرنے کا بھی فیصلہ کرلیا۔ چیف ایگزیکٹیو پی آئی اے نے اس سلسلے میں دفتر خارجہ سے بھی مدد مانگ لی ہے۔ ذرائع کے مطابق بیرون ملک سفارتخانوں کے ساتھ با اثر تارکین وطن کو بھی قومی ائیرلائن کے آپریشن کی بحالی کے لیے متحرک کیا جائے گا۔