ہمارے کسی اتحادی نے حکومت گرانے کی بات نہیں کی: گورنر پنجاب

Last Updated On 01 July,2020 02:06 pm

لاہور: (دنیا نیوز) گورنر پنجاب چوہدری سرور نے کہا ہے کہ ہمارے کسی اتحادی نے حکومت گرانے کی بات نہیں کی، عشائیہ میں جانا یا نہ جانا معمول کی بات ہے۔

گورنر ہاوس میں میڈیا سے گفتگو میں گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان عوام کے ووٹوں سے منتخب ہوکر آئے ہیں، انشا اللہ پانچ سال کی مدت پوری کریں گے اور وہی وزیراعظم رہیں گے۔ لوگوں نے ووٹ پارٹی اور عمران خان کو دیئے ہیں، ہماری پارٹی کا ایک ہی لیڈر ہے اور وہ عمران خان ہے۔

گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا کہ کورونا وائرس کے باعث حکومت نے مشکل فیصلے کیے، اسی وجہ سے تنخواہوں میں اضافہ بھی نہیں کرسکے، تنخواہوں میں اضافہ نہ ہونے کا مجھے بھی رنج ہے، مشکل وقت ہے لوگوں کے پاس روزگار نہیں۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ کشمیراور فلسطین کی آزادی کے لئے جدوجہد کی ہے، تمام امن پسند ممالک سے ظلم کے خلاف اٹھ کھڑے ہونے کی اپیل کرتا ہوں۔ اسلامی تعاون تنظیم نے کشمیریوں پر ہونے والے مظالم کے خلاف اواز اٹھائی ہے۔ کشمیر میں ظلم اور بربریت کی نئی مثالیں سامنے آرہی ہیں جنہوں نے نازی ازم کو مات دیدی ہے، آج کشمیر میں جو ہوا ہے اس پر دنیا کیوں خاموش ہے، پوری دنیا اس ظلم کو روکنے کے لئے اپنا کردار ادا کرے۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ برطانوری ارکان پارلیمنٹ کو کشمیر اور فلسطین میں ہونے والے ظلم پر آواز اٹھانی چاہیے، مسلم ممالک کو کشمیر میں ہونے والے مظالم کے خلاف اٹھ کھڑے ہونا چاہیے۔