وزیراعظم عمران خان کا عشائیہ، اہم اتحادیوں نے شرکت کی دعوت قبول نہ کی

Last Updated On 28 June,2020 09:13 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) مسلم لیگ (ق) نے مصروفیات کے باعث وزیراعظم کے عشایے میں شرکت نہیں کی، شیخ رشید بیماری کی وجہ سے شریک نہ ہو سکے، تحریک انصاف کے ناراض ارکان بھی نہ مانے۔

تفصیل کے مطابق ق لیگ، بی این پی مینگل اور عوامی مسلم لیگ نے وزیراعظم عمران خان کے عشائیے میں شرکت نہیں کی۔ مسلم لیگ (ق) نے موقف اختیار کیا قیادت کی مصروفیت کے باعث شریک نہیں ہو سکتے، تاہم بجٹ منظوری میں حکومت کی حمایت کریں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اہم ترین اتحادی جماعت مسلم لیگ (ق) کی قیادت کو منانے کیلئے حکومتی رابطے بھی کسی کام نہ آئے۔ سپیکر اسد قیصر نے پہلے وفاقی وزیر طارق بشیر چیمہ سے ملاقات کی پھر چودھری پرویز الہیٰ کو فون بھی کیا اور عشائیے میں شرکت کی دعوت دی۔

ق لیگ نے موقف اپنایا کہ حکومت کے اتحادی ہیں بجٹ میں بھرپورساتھ دیں گے لیکن پارٹی قیادت کی مصروفیت کے باعث عشائیہ میں شرکت نہیں کر سکتے۔ پرویز الہیٰ نے اسد قیصر کو جواب دیا جب آپ عشائیہ دیں گے تب ضرور آئیں گے۔

بلوچستان نیشنل پارٹی مینگل نے وزیراعظم کے عشائیہ میں شرکت سے صاف انکار کر دیا تھا۔ اختر مینگل نے کہا کہ حکومت کے اتحادی نہیں رہے، اس لئے عشائیہ میں نہیں جا سکتے۔

وزیراعظم عمران خان نے عشائیہ سے قبل اتحادی جماعتوں سے ملاقاتیں کی جس میں تحفظات اور شکوے دور کرنے کی یقین دہانیاں کرائی گئیں۔ وزیراعظم نے اتحادیوں کو حکومتی اقدامات پر اعتماد میں لیا اور حکومتی امور میں ساتھ لے کر چلنے کی یقین دہانی کروائی۔

وزیراعظم عمران خان سے بلوچستان عوامی پارٹی کے وفد نے ملاقات کی جس میں وفاقی وزیر زبیدہ جلال، میر خالد مگسی اور سردار اسرار ترین سمیت دیگر شریک ہوئے۔ اس ملاقات میں بجٹ منظوری اور بلوچستان کے مسائل کے حوالے سے بات چیت کی گئی۔

بلوچستان عوامی پارٹی نے بلوچستان کے ترقیاتی منصوبوں میں کٹوتی پر تحفظات کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ بلوچستان میں ترقیاتی منصوبوں پر خصوصی توجہ ہے۔ بلوچستان کی احساس محرومی کا خاتمہ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ حکومت کورونا صورتحال میں معاشی استحکام کے لیے کوشاں ہے۔ بلوچستان کے حوالے سے تمام اتحادی جماعتوں کے تحفظات دور کریں گے۔

بعد ازاں وزیراعظم عمران خان سے ایم کیو ایم وفد نے بھی ملاقات کی۔ ایم کیو ایم کنوینر خالد مقبول صدیقی نے وفد کی سربراہی کی۔ وفاقی وزیر امین الحق سمیت دیگر ارکان شریک ہوئے۔

اس ملاقات میں کراچی اور حیدر آباد میں ترقیاتی منصوبوں اور کے فور منصوبے میں پیش رفت پر بھی بات چیت کی گئی۔ ایم کیو ایم نے کراچی، حیدر آباد اور میر پور خاص کے لیے بجٹ میں رقم مختص کرنے پر شکریہ ادا کیا۔

اس کے علاوہ جی ڈی اے وفد نے بھی وزیراعظم سے ملاقات کی جس میں وفاقی وزیر فہمیدہ مرزا اور رکن اسمبلی سائرہ بانو شریک تھے۔ اس کے علاوہ وزیراعظم عمران سے رکن قومی اسمبلی اسلم بھوتانی اور غلام بی بی بھروانہ کی بھی ملاقات ہوئی۔