لاہور: (محمد حسن رضا سے) بزدار حکومت نے ایک برس میں پنجاب کے ملکی و غیر ملکی قرضوں میں کمی کر دی۔ قرضوں سے متعلق پنجاب حکومت کی سٹیٹ بینک اور وفاقی وزارت خزانہ کو بھجوائی گئی رپورٹ میں اہم انکشاف کیا گیا ہے۔
دستاویزات کے مطابق جون 2019 سے جون 2020 تک پنجاب کے قرضوں میں 9 ارب روپے کی کمی کی گئی ہے، پنجاب حکومت جون 2019 میں 9 کھرب 54 ارب کی مقروض تھی، جون 2020 میں قرض کم ہو کر 9 کھرب 45 ارب ہو گیا۔
صوبہ پنجاب پر 9 کھرب 38 ارب کے غیر ملکی اور 6 اعشاریہ 7 ارب روپے کے ملکی قرضے واجب الادا ہیں۔ پنجاب کے قرضے جی ایس ڈی پی کا 4 اعشاریہ 2 فیصد اور قومی جی ڈی پی کا 2 اعشاریہ 3 فیصد ہیں۔ گراس سب نیشنل ڈومیسٹک پراڈکٹ میں پنجاب کے قرض کم ترین ہیں۔
پنجاب نے وفاقی حکومت سے کیش ڈویلپمنٹ لونز کی مد میں سب سے کم 15 اعشاریہ 19 ارب روپے حاصل کئے ہیں۔