حکومت آرٹیکل 149 کے تحت سندھ میں اختیارات استعمال کرے: پی ٹی آئی رہنماؤں کا مطالبہ

Last Updated On 17 June,2020 11:50 am

کراچی: (دنیا نیوز) وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات میں پی ٹی آئی سندھ کی کور کمیٹی ممبران نے مطالبہ کرتے ہوئے کہا مراد شاہ سرکار کی بد انتظامی اور کرپشن سے صوبے کی حالت بگڑتی جا رہی ہے، وفاقی حکومت آئین کے آرٹیکل 149 کے تحت صوبے میں اپنے اختیارات استعمال کرے۔

وزیراعظم کی پاکستان تحریک انصاف سندھ کی کور کمیٹی ممبران سے ملاقات کی اندرونی کہانی دنیا نیوز منظر عام پر لے آیا۔ پی ٹی آئی رہنماؤں نے وزیر اعظم سے سندھ حکوت کی مبینہ نا اہلی، بد انتظامی اور کرپشن سے متعلق شکایات کیں۔

ذرائع کے مطابق رہنماوں کا کہنا تھا کہ عوامی مسائل کے حل میں سندھ حکومت کی عدم دلچسیپی سے عوام شدید مشکلات کا شکار ہیں۔ کور کمیٹی ممبران کا کہنا تھا آئین کے آرٹیکل 149 سمیت متعدد قوانین موجود ہیں جو وفاقی کو صوبائی حکومت کی موجودگی میں اختیارات کے استعمال کا حق دیتے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ وزیر اعظم ان قوانین کے تحت سندھ میں اپنے اختیارات استعمال کرے۔

وزیراعظم نے کراچی میں جاری گرین لائن بس منصوبہ سمیت دیگر وفاقی حکومت کے منصوبوں کو جلد مکمل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ وزیر اعظم کی جانب سے لاڑکانہ کے لیے ایک ارب روپے کا ہیلتھ پیکج بھی دیئے جانے کا امکان ہے۔ ملاقات میں وفاقی وزیر علی زیدی، اپوزیشن لیڈر فردوس شمیم نقوی، ایم این اے آفتاب صدیقی و دیگر موجود تھے۔