شہباز سے نیب کی 1 گھنٹہ تحقیقات، 37 سوالات میں سے 4 کا جواب دے سکے

Last Updated On 09 June,2020 06:17 pm

لاہور: (دنیا نیوز) قائد حزب اختلاف شہبازشریف منی لانڈرنگ کیس میں‌ آج نیب میں‌ پیش ہوئے جہاں‌ ان سے ایک گھنٹہ تک تحقیقات کی گئیں، صدر مسلم لیگ ن سے 37 سوالات کئے گئے جن میں سے وہ صرف 4 کے جواب دے سکے۔

شہبازشریف سے نیب تحقیقات کی اندرونی کہانی سامنے آ گئی، شہباز شریف ایک گھنٹہ تک نیب ٹیم کے سامنے موجود رہے۔ شہباز شریف نے دوران تفتیش کیمرہ ہٹانے کا مطالبہ کیا، نہ ہٹانے پر شہبازشریف اٹھ کر باہر چلے گئے تاہم بعد ازاں کچھ سوچ کر خود ہی واپس آ گئے۔

نیب ٹیم نے شہبازشریف کیلئے 37 سوالات تیار کر رکھے تھے جن میں سے اپوزیشن لیڈر صرف 4 کے جوابات دے سکے۔ نیب ٹیم کی جانب سے کہا گیا کہ آپ کے خلاف 7 ارب روپے کا ریفرنس تیار ہے، کوئی جواب ہے تو بتا دیں، جس پر شہباز شریف نے صرف اتنا کہا کہ میں نے ایک روپیہ تنخواہ نہیں لی۔

خیال رہے کہ اس سے قبل شہباز شریف کو 2 جون کو طلب کیا گیا تھا لیکن وہ پیش نہ ہوئے اور لاہور ہائی کورٹ سے 17 جون تک عبوری ضمانت حاصل کرلی۔ عدالت نے نیب کو شہباز شریف کی گرفتاری سے روک دیا تھا۔