اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد کی مقامی عدالت نے پیپلز پارٹی قیادت پر الزامات عائد کرنے والی امریکی شہری سنھتیا ڈی رچی کو طلب کر لیا۔ امریکی خاتون کے خلاف اندراج مقدمہ کی پیپلز پارٹی کی درخواست کی ایف آئی اے نے مخالفت کر دی۔
اسلام آباد کے ایڈیشنل سیشن جج عطا ربانی نے بطور ڈیوٹی جج امریکی شہری سنھتیا ڈی رچی کے خلاف اندراج مقدمہ کی درخواست پر سماعت کی۔ درخواست گزار پیپلز پارٹی اسلام آباد کے صدر شکیل عباسی کی جانب سے موقف اپنایا گیا کہ امریکی خاتون نے سابق وزیراعظم بینظیر بھٹو شہید کیخلاف بے بنیاد الزامات عائد کیے، ان کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے، وفاقی تحقیقاتی ایجنسی نے سینتھیا ڈی رچی کیخلاف مقدمے کی مخالفت کی۔
ایف آئی اے کے وکیل نے بتایا کہ عدالت کو یہ بھی دیکھنا ہو گا کہ کیا درخواست گذار براہ راست متاثرہ فریق ہیں، جس پر فاضل جج عطا ربانی نے ریمارکس دیئے کہ یہ دیکھنا آپ کا نہیں عدالت کا کام ہے، امریکی خاتون سنتھیا رچی کو بھی نوٹس کر کے آئندہ سماعت پر بلا لیتے ہیں۔
عدالت نے پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی سے جواب طلب کرتے ہوئے سنتھیا ڈی رچی کو خود یا وکیل پیش کرنے کیلئے نوٹس جاری کر دیا، مقدمے کی مزید سماعت 13 جون کو ہوگی۔