اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد کی عدالت نے امریکی شہری سنتھیا ڈی رچی کے خلاف مقدمہ درج کرنے کی درخواست پر پولیس کی جانب سے جواب داخل نہ کرانے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے دوبارہ نوٹس جاری کر کے 12 جون تک جواب طلب کر لیا۔
اسلام آباد کی ایڈیشنل سیشن جج عابدہ سجاد نے شہری وقاص عباسی کی مقدمہ اندراج کی درخواست پر سماعت کی تو عدالتی نوٹس کے باوجود پولیس کی جانب سے کوئی پیش نہ ہوا جس ہر عدالت نے اظہار برہمی کرتے ہوئے 12 جون کے لیے پولیس کو دوبارہ نوٹس جاری کر کے تحریری جواب طلب کر لیا۔
درخواست گزار کی جانب سے چودھری زاہد آصف اور چودھری خانزادہ ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے۔ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ امریکی شہری سنتھیا ڈی رچی نے بے نظیر بھٹو کے خلاف نازیبا الفاظ استعمال کیے اور سوشل میڈیا پر ان کے خلاف بیہودہ کمپین چلائی جس پر پولیس کو امریکی شہری کے خلاف مقدمہ درج کرنے کی درخواست دی مگر کارروائی نہیں کی گئی لہذا عدالت پولیس کو سنتھیا ڈی رچی کے خلاف مقدمہ درج کرنے کے احکامات جاری کرے۔