وزیرِ اعظم کا انصاف اور احتساب کا جذبہ بالکل غیر جانبدار ہے: فیاض الحسن

Last Updated On 08 June,2020 12:40 pm

لاہور: (دنیا نیوز) فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے چینی کمیشن رپورٹ پر کارروائی کے حکم کے بعد آل پاکستان لوٹ مار ایسوسی ایشن چیخ چلا رہی ہے، وزیرِ اعظم کا انصاف اور احتساب کا جذبہ بالکل غیر جانبدار ہے۔

وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے اپنے بیان میں کہا متحدہ اپوزیشن ایک طرف کرپشن کی اے بی سی فر فر بولتی ہے، دوسری طرف احتساب سے بچنے کے لئے اے پی سی کا پہاڑا پڑھنے کی بھی ماہر ہے، آل پاکستان لوٹ مار ایسوسی ایشن جتنی چاہے ایڑھیاں گھسا لے، احتساب سے نہیں بچ سکتی۔

فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا وزیرِ اعظم نے شوگر سکینڈل پر تحقیقاتی کمیشن بنایا اور رپورٹ منظرعام پر لائے، سکینڈل میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی پر قوم وزیراعظم کو خراجِ تحسین پیش کرتی ہے، پوری پاکستانی قوم وزیراعظم عمران خان کے جذبے کو سلام پیش کرے گی۔