اداکارہ عائشہ عمر کی شادی کی خواہش پر وفاقی وزیر ریلوے کا جواب سامنے آ گیا

Last Updated On 30 May,2020 11:11 pm

لاہور: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کا کہنا ہے کہ شادی کی خواہش کرنے والی اداکارہ عائشہ عمر کو جانتا تک نہیں۔

گزشتہ روز ایک انٹرویو میں ماڈل و اداکارہ عائشہ عمر سے سوال کیا گیا کہ اگر کسی آفت کی وجہ سے دنیا سے سب مرد ختم ہوجائیں اور صرف قائم علی شاہ، چودھری شجاعت حسین، رانا ثناء اللہ طاہرالقادری اور شیخ رشید بچیں تو وہ کس سے شادی کریں گی جس پر عائشہ عمر نے کہا کہ وہ شیخ رشید کا انتخاب کریں گی کیوں کہ شیخ رشید کے پاس اچھی حس مزاح ہے اور وہ مزاحیہ شخصیت کے مالک ہیں۔

انٹرویو کے دوران اداکارہ کا مزید کہنا تھا کہ لو گ شادی اس لیے کرتے ہیں کیوں کہ انہیں بچے چاہیے ہوتے ہیں تاہم ابھی میں خود بچی ہوں اور شادی کا کوئی ارادہ نہیں۔

یہ بھی پڑھیں: اداکارہ عائشہ عمر کا وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید سے شادی کی خواہش کا اظہار

عائشہ عمر کا مزید کہنا تھا کہ ہمارے معاشرے میں لگتا ہے کہ شادی زندگی سنوارتی ہے اصل میں شادی زندگی کو ختم کردیتی ہے، تاہم ابھی انہیں شادی کی ضرورت نہیں جب کروں گی تو سب کو بلاؤں گی۔

انہوں نے ملک میں مرد و خواتین ملازمین کی تنخواہوں میں فرق کے معاملے پر بھی بات کی اور کہا کہ خواتین کو مرد حضرات کے مقابلے کم اجرت ملتی ہے، تاہم شوبز انڈسٹری میں بعض مرتبہ خواتین کو مرد اداکاروں سے زیادہ معاوضہ ملتا ہے۔

صوبائی دارالحکومت لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید سے ایک صحافی نے پوچھا کہ اداکارہ عائشہ عمر آپ سے شادی کرنا چاہتی ہیں۔

صحافی کی طرف سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں شیخ رشید کا کہنا تھا کہ کون مجھ سے شادی کرے گا، اور عائشہ عمر کون ہیں۔

شادی کے سوال پر وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید حیران رہ گئے اور پریس کانفرنس چھوڑ کر چلے گئے۔