جی ایس پی پلس معاہدے کی 6 انسانی حقوق کنونشنز پر عملدرآمد ہمارے مفاد میں ہے: وزیراعظم

Last Updated On 13 May,2020 04:43 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ یورپی یونین کے جی ایس پی پلس معاہدے سے پاکستانی تجارت کو فائدہ ہوا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ جی ایس پی پلس سے متعلق 27 کنونشنز کے نفاذ کو جاری رکھنے کا عزم کرتے ہیں۔ جی ایس پی پلس معاہدے کی 6 انسانی حقوق کنونشنز پر عملدرآمد ہمارے اپنے مفاد میں ہے۔

ٹویٹر پر انہوں نے مزید لکھا کہ ہم نے خواتین کو وراثت میں حقوق، چائلڈ لیبر کیخلاف اور خواجہ سراؤں کے حق میں قوانین بنائے ہیں، ہم انسانی حقوق اور صحافیوں اور میڈیا ورکرز کے تحفظ کے کنونشن پر بھی عملدرآمد کررہے ہیں۔

عمران خان نے لکھا کہ یورپی یونین ہمارے انسانی حقوق کے قومی ایکشن پلان اور بلین ٹری سونامی منصوبے کی تعریف کر چکا ہے، جیسے جیسے ہماری تجارت اور معیشت جی ایس پی پلس سے فائدہ اٹھائے گی، ہم اپنے لوگوں کے فائدے کے لیے انسانی حقوق کے کنونشنز پر عملدرآمد تیز کریں گے۔