کراچی: (دنیا نیوز) ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے ڈاکٹر فرقان کے معاملے پر وزیراعلیٰ نے انکوائری کا حکم دے دیا ہے، سندھ حکومت کی کورونا پر پالیسی کو سب نے اپنایا، پذیرائی ملی تو مخالفین ناراض ہوگئے۔
مرتضی وہاب نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ایئرپورٹس پر سکریننگ ذمہ داری نہیں تھی پھر بھی ڈاکٹرز تعینات کئے، صوبے میں یومیہ 4800 ٹیسٹ کرنے کی صلاحیت موجود ہے، عوام کے تحفظ کیلئے تمام تر اقدامات کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا لاک ڈاؤن میں پہل سندھ حکومت نے کی تھی، تمام لوگوں نے لاک ڈاؤن میں ہمیں فالو کیا، 9 مئی تک لاک ڈاؤن کا وفاق اور چاروں صوبوں کا متفقہ فیصلہ ہے، آئندہ بھی جو فیصلہ ہو مشاورت سے ہونا چاہیے۔
ترجمان سندھ حکومت نے مزید کہا 20 لاکھ راشن بیگز تقسیم کرنے کی کبھی بات نہیں کی، سندھ حکومت نے ایک ارب 8 کروڑ روپے راشن کی مد میں تقسیم کیے، کچھ لوگوں کا کام تنقید کرنا ہے، ہمارا ٹارگٹ اس وباء کو کنٹرول کرنا ہے۔ انہوں نے کہا حلیم عادل شیخ ایک مرتبہ بھی اینٹی کرپشن کے سامنے پیش نہیں ہوئے، حلیم عادل شیخ پر لگے الزامات کا ایک مرتبہ بھی نیب نے نوٹس نہیں لیا۔