ملک بھر میں 20 ہزار 186 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق، 462 اموات

Last Updated On 04 May,2020 11:59 am

لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان میں کورونا کے متاثرین تیزی سے بڑھنے لگے، ملک بھر میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 20 ہزار 186 تک پہنچ گئی جبکہ ایک دن میں 22 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد اموات کی تعداد 462 ہوگئی۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 1083 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں سب سے زیادہ 7524، سندھ میں 7465، خیبر پختونخوا میں 3129، بلوچستان میں 1218، گلگت بلتستان میں 364، اسلام آباد میں 415 جبکہ آزاد کشمیر میں 71 کیسز رپورٹ ہوئے۔

ملک بھر میں اب تک 2 لاکھ 12 ہزار 511 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 9 ہزار 522 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 5590 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ 44 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔

پاکستان میں کورونا سے ایک دن میں 22 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 462 ہوگئی۔ سندھ میں 130، پنجاب میں 124، خیبر پختونخوا میں 180، گلگت بلتستان میں 3، بلوچستان میں 21 اور اسلام آباد میں 4 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ اب تک 462 ہسپتالوں میں قائم قرنطینہ مراکز مریضوں کا علاج جاری ہے، ان ہسپتالوں میں 7295 بیڈز کا بندوبست کیا گیا ہے۔

ابو ظہبی سے آنیوالے 100 پاکستانی کورونا میں مبتلا

ابوظہبی سے آنے والی پرواز ای وائے 321 کے 100 سے زائد مسافروں میں کورونا وائرس کے ٹیسٹ مثبت آگئے۔ پرواز 28 اپریل کو 200 سے زائد مسافروں کو لیکر اسلام آباد پہنچی تھی۔ ایئرپورٹ پر مسافروں کی جدید خودکار سکینر سے سکریننگ کی گئی تھی۔

ایس او پی کے تحت محکمہ صحت کی ٹیم نے تمام مسافروں کو قرنطینہ منتقل کردیا تھا۔ قرنطینہ کے دوران مسافروں کے سوئپ ٹیسٹ لئے گئے تھے جو این آئی ایچ بھجوائے گئے تھے، مسافروں کو فاطمہ جناح یونیورسٹی میں منتقل کیا گیا تھا۔