لاہور: (دنیا نیوز) ملک بھر میں نادرا کے دفاتر کھل گئے، لوگوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں، شناختی کارڈ کی وصولی کیلئے 15 مئی کے بعد رجوع کرنا ہوگا۔
ترجمان نادرا کے مطابق نئی رجسٹریشن اور بائیومیٹرک تصدیق کرانے والے سائلین کو ترجیح دی جائے گی، زائد المیعاد شناختی کارڈ کی مدت رواں سال جولائی تک بڑھا دی گئی ہے۔ شناختی کارڈ کی فراہمی سے متعلق معلومات کیلئے نادرا دفاتر آنے سے پہلے 8400 پر میسج کرنا ہوگا۔
سنٹر میں داخلے کیلئے ماسک لگانا، درجہ حرارت چیک کروانا، ہاتھوں پر سینی ٹائزر لگوانا لازمی قرار دیا گیا ہے۔ ایسے سائلین جن کا نام احساس کفالت پروگرام میں آگیا ہے مگر ان کی فنگر پرنٹس تصدیق نہ ہونے کی وجہ سے انکو امداد نہیں مل رہی، انکا پراسس کیا جائے گا تاکہ ان کو احساس کفالت پروگرام کے تحت ملنے والی امداد مل سکے۔
نادرا ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ شناختی کارڈ کی وصولی کیلئے آنیوالے سائلین 15 مئی کے بعد رجوع کریں۔ سائلین رش اور دھوپ سے بچنے کیلئے نادرا آن لائن رجسٹریشن ویب سروس www.id.nadra.gov.pk کا استعمال کریں۔