اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کے باعث دنیا ممکنہ عالمی معاشی بحران کی طرف بڑھ رہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور سوئٹزر لینڈ کے وزیر خارجہ ایگنازیو کاسیس میں ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے، دونوں وزرائے خارجہ نے کورونا پھیلاؤ کو روکنے کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور سوئس وزیر خارجہ ایگنازیو کاسیس نے کورونا وبا سمیت اہم علاقائی امور پر مشاورت جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
شاہ محمود قریشی نے سوئٹزرلینڈ میں جانی نقصان پر گہرے دکھ کا اظہار کیا، وزیر خارجہ نے پاکستان کے ساتھ اظہار یکجہتی پر سوئس ہم منصب کا شکریہ ادا بھی کیا اور کہا کہ میٹرہارن کی پہاڑیوں پر پاکستانی پرچم لہرانے جانے پر سوئس حکومت کے مشکور ہیں۔
ٹیلیفونک گفتگو کے دوران وزیر خارجہ نے وزیراعظم عمران خان کی "گلوبل ڈیٹ ریلیف "مہم کے حوالے سے سوئس وزیر خارجہ کو آگاہ کیا۔
اس موقع پر شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ کورونا وبا کے باعث دنیا ممکنہ عالمی معاشی بحران کی طرف بڑھ رہی ہے۔
وفاقی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں مسلسل کرفیو کے باعث 80 لاکھ نہتے کشمیریوں کی زندگیاں اجیرن ہو چکی ہے۔ کشمیریوں کو بنیادی ضروریات زندگی تک رسائی حاصل نہیں ہو رہی۔ مظلوم کشمیریوں کو خوراک اور ادویات کی بلاتعطل فراہمی کیلئے عالمی برادری بھارت پر دبائو ڈالے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ بھارت سرکار کا اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں کے خلاف نفرت انگیز رویہ انتہائی قابل مذمت ہے۔ عالمی برادری بھارت میں بڑھتے ہوئے اسلاموفوبیا کا نوٹس لے۔