اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور وفاقی وزیر مراد سعید نے پاکستان پیپلز پارٹی ( پی پی پی) کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری کی پریس کانفرنس پر رد عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ بلاول نے اپنی ناکامیوں کو وفاق کے سر تھوپنے کی ناکام کوشش کی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ فرزند زرداری کی پریس کانفرنس سندھ حکومت کیخلاف چارج شیٹ ہے۔ وفاق کے مکمل تعاون کے باوجود آج فرزند زرداری کے پاس بتانے کیلئے کچھ نہیں۔ کوئی فرزند زرداری کو بتائے صحت صوبائی معاملہ ہے۔
پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ اس معاملہ کو سنبھالنے میں انکی صوبائی حکومت شرمناک حد تک ناکام ہے۔ اٹھارویں ترمیم اور این ایف سی کے پیسے اچھے لگتے ہیں تاکہ ڈاکے ڈالے جاسکیں۔
وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ جعلی کھاتوں کے ماہرعوامی فلاح کے لیے وفاق کی جانب منہ اٹھا لیتے ہیں۔ وفاق اور دیگر تین صوبوں کی حکومتیں کرونا سے عوام کو بچانے میں مصروف ہیں۔ سندھ کے وزیراعلیٰ زرداری اور ابن زرداری کی ناجائز دولت بچانے میں مصروف ہیں۔
دنیا نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شہباز گل کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری کی پریس کانفرنس میں ایک نکمی بہو کی طرح رونا دھونا کیا ہے
ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ سندھ سیّد مراد علی شاہ کا انگ انگ کرپشن میں لپٹا ہوا ہے۔ وفاق ان کو کہہ چکا ہےیہ جو اقدامات کرنا چاہیتے ہیں کریں۔ یہ کیش لینا چاہتے ہین ، ان کا کیش میں ریکارڈ گندا ہے۔
پی ٹی آئی رہنما کا کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت نے غریب گھرانوں کو امداد دی ہے انہوں نے کیا کیا، ہم نے موثر جواب دیا ہے انہوں نے سندھ کی عوام کو ایک پیسہ نہیں دیا۔ اتنا بڑا کیش احساس پروگرام اتنی شفافیت میں کسی اور جگہ نہیں ہوا۔
کورونا وائرس کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ جہاں بھی لوگ اکھٹے ہونگے وہاں وائرس پھیلے گا۔ وائرس پوری دنیا میں پھیلا ہے ، یہ مذہیب کو ہی ٹارگٹ ہی کیوں کرتے ہیں۔