اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی حکومت نے اہم فیصلہ کرتے ہوئے عاصم سلیم باجوہ کو فردوس عاشق اعوان کی جگہ وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے اطلاعات تعینات کر دیا ہے۔
ادھر سینیٹ میں قائد ایوان سینیٹر شبلی فراز کو وفاقی وزیر اطلاعات کا عہدہ دیدیا گیا ہے۔ وفاقی حکومت کی جانب سے اٹھائے گئے ان اقدامات کو انتہائی اہم قرار دیا جا رہا ہے۔
خیال رہے کہ لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ عاصم سلیم باجوہ کے پاس سی پیک اتھارٹی کے چیئرمین کا عہدہ بھی ہے۔ انھیں گزشتہ سال نومبر میں چار سال کیلئے اس اہم عہدے پر تعینات کیا گیا تھا۔
واضح رہے کہ لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ عاصم سلیم باجوہ پاک فوج کے سابق ترجمان اور کمانڈر سدرن کمانڈ کے طور پر بھی اپنے فرائض انجام دے چکے ہیں۔
Truly an honorable and dignified man @shiblifaraz has been appointed new Information minister of Pak, and a brilliant @AsimSBajwa appointed SAPM on info both ll make a great team.... all the best
— Ch Fawad Hussain (@fawadchaudhry) April 27, 2020
دوسری جانب سینیٹر شبلی فراز اس وقت سینیٹ میں قائد ایوان ہیں جبکہ ان کا شمار تحریک انصاف کے سینئر رہنماؤں میں ہوتا ہے۔ شبلی فراز نے اپنی سیاست کا آغاز بھی تحریک انصاف سے ہی کیا۔ وہ معروف شاعر احمد فراز کے صاحبزادے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: ’کھلاڑی کو کہاں کھلانا ہے؟ وزیراعظم کا استحقاق، فیصلے کا احترام کرتی ہوں‘سابق معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے اپنی ٹویٹ میں ان پر اعتماد کرنے پر وزیراعظم عمران خان کا شکریہ ادا کیا ہے۔
ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے لکھا کہ ایک سال کے عرصے میں اپنی بھرپور صلاحیتوں سے فرائض سر انجام دینے کی کوشش کی۔ یہ وزیراعظم کا استحقاق ہے کہ ٹیم کے کس کھلاڑی کو کون سے بیٹنگ آرڈر یا کونسی فیلڈ پوزیشن پر کھلانا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ میں وزیراعظم عمران خان کے فیصلے کا احترام کرتی ہوں۔ وزارت سے ہٹائے جانے کے حوالے سے میڈیا پر چلنے والی من گھڑت خبروں میں لگائے گئے بے بنیاد الزامات کی سختی سے تردید کرتی ہوں۔ڈ
انہوں نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ سیاسی کارکن کی حیثیت سےمیرا نصب العین ملک کی ترقی اور عوام کی فلاح ہے۔ جو وزیراعظم قیادت میں جاری رکھا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: وزارت اطلاعات میں تبدیلیاں بڑا اچھا فیصلہ ہے، وفاقی وزیر فواد چودھری
وفاقی وزیر سائنس وٹیکنالوجی فواد چودھری نے وزارت اطلاعات میں تبدیلیوں کو بڑا اچھا فیصلہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ کمیونیکشن میں کافی بڑی کمی آ رہی تھی۔
دنیا نیوز کے پروگرام ‘’ نقطہ نظر’’ میں گفتگو کرتے ہوئے فواد چودھری کا کہنا تھا کہ موجودہ آئی ایس پی آر جس کو ہم آج دیکھتے ہیں، اس کے بانی جنرل ریٹائرڈ عاصم سلیم باجوہ ہی ہیں۔
ایک اہم سوال کا جواب دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ کسی نے نہیں کہا کہ اٹھارویں ترامیم کو تبدیل کرنے جا رہے ہیں۔ پیپلز پارٹی کے کچھ لوگ اس بات کو بڑھا چڑھا کر پیش کرنے کی کوشش کرتے ہیں تاہم اٹھارویں ترامیم میں کچھ کمی ہے۔
وفاقی وزیر سائنس وٹیکنالوجی نے بتایا کہ 26 فروری کو کورونا کا پہلا کیس سامنے آیا تھا، اس وقت ہم پاکستان میں گلوز، ماسک اور ٹیسٹنگ کٹس سمیت کچھ بھی نہیں بنا رہے تھے لیکن آج دو ماہ بعد وائرس سے نمٹنے کے لیے 76 فیصد سامان پاکستان خود بنا رہا ہے۔ ہم سینی ٹائزرز کوہ م ایکسپورٹ کرنے کی پوزیشن میں ہیں۔