شہباز شریف کی جانب سے عدم تعاون، قانونی راستہ اپنانے کا حق موجود ہے: نیب

Last Updated On 20 April,2020 06:06 pm

لاہور: (دنیا نیوز) مسلم لیگ نون کے صدر شہباز شریف کے آمدن سے زائد اثاثے اور منی لانڈرنگ کیس پر نیب نے اعلامیے میں کہا ہے کہ شہباز شریف نیب کے ساتھ تعاون نہیں کر رہے، عدم تعاون پر قانونی راستہ اپنانے کا حق موجود ہے۔

نیب اعلامیے میں کہا گیا کہ قومی احتساب بیورو لاہور میں سابق وزیرِ اعلی پنجاب شہباز شریف کیخلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات اور مبینہ منی لانڈرنگ کے کیس میں جاری تحقیقات کے حوالے سے انہیں 17 اپریل کو ذاتی حیثیت میں نیب انویسٹی گیشن ٹیم کے روبرو پیش ہونے کی ہدایت کی گئی تھی جس کے لئے ادارے کی پالیسی کے تحت انہیں باقاعدہ مفصل سوالنامہ بھی ارسال کیا گیا تھا، نیب لاہور کو مذکورہ کیس منطقی انجام تک پہنچانے کیلئے ان سے مفصل و جامع جوابات درکار ہیں کیونکہ ان کے خلاف تحقیقات آخری مراحل میں داخل ہو چکی ہیں تاہم قومی ادارے کو انکی جانب سے تحقیقات میں تاحال عدم تعاون کا سامنا ہے۔

اعلامیے میں مزید کہا گیا کہ نیب لاہور میں 17 اپریل کو پیش نہ ہونے اور کرونا وباء کا عذر پیش کرنے کی صورت میں نیب لاہور کیجانب سے انہیں دوبارہ 22 اپریل کو نیب تفتیشی ٹیم کے روبرو پیش ہونے کا نوٹس ارسال کیا گیا ہے۔